اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے. اس بار پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کیلئے خندقیں کھودی جائیں گی اور ڈرون کے ذریعے آنسو گیس کی شیلنگ کی جائے گی.
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ متوقع لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے صوبوں سے ایف سی کے تین ہزار اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے ہیں. اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس نے صوبوں سے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار اہلکار مانگے ہیں. پنجاب سے 20ہزار،خیبر پختونخوا سے چارہزار پولیس اہلکار مانگے گئے ہیں جب کہ رینجرز کے چھ ہزار اہلکار مانگے گئے ہیں. پنجاب اور خیبر پختونخوا نے ابھی تک نفری دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع لانگ مارچ کے دوران مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل ڈرون کے ذریعے پھینکنے کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے گئے ہیں، مارچ کے راستے میں سینکڑوں کینٹرز لگائے جائیں گے جب کہ شہر اقتدار کے داخلی راستوں پر کینٹرز کے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی.