اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رحیم یار خان میں پاور شو کیا گیا. عمران خان کی تقریر سننے کیلئے مختلف شہروں میں بڑی سکرینز لگائی گئی تھیں. وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعوی کیا ہے کہ ان اجتماعات میں عوام کی شرکت مایوس کن رہی.
اپنے ایک ٹویٹ میں رانا ثناء اللہ نے شرکا کی فہرست شیئر کرتے ہوئے کہا ‘کپتان صاحب؛ تم کہتے تھے کہ ہفتے کی تیاری اور Strength دیکھ کر اسلام آباد کی کال دونگا۔ اپنی تیاری کا حال آج کےاعداد شمار کی زبانی ملاحظہ فرمائیں- 25 مئی کے بعد اگر آپ کی ٹائیگر فورس کی یہی تیاری ہے تو مجھے افسوس ہماری تیاری تو بیکار چلی جائیگی۔’
رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا’آپکی مقبولیت بھی ایک ڈھکوسلہ ہے۔’
رانا ثناء اللہ کی جانب سے شیئر کی گئی فہرست کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ 250 افراد نکلے جبکہ کراچی اور لاہور میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 300 تھی۔
فیصل آباد میں 500، پشاور میں 150 کے قریب لوگ تھے، راولپنڈی میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 25 تھی، گوجرانوالا میں 300 اور جہلم میں 150 لوگ تھے۔