اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین لیٹر آف انٹینٹ پر اتفاق ہوگیا ، پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بتدریج 50 روپے تک بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی ۔
نجی ٹی وی "سماء نیوز ” کے مطابق اس وقت پٹرول پر 20 جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر 10 ، 10 روپے لیوی عائد ہے اور موجودہ مالی سال میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ یکم ستمبر تک پٹرول پر 10 روپے جبکہ ڈیزل پر 5 روپے لیوی مزید بڑھا دی جائے گی ۔
ستمبر میں پٹرول پر لیوی بڑھ کر 30 روپے اور ڈیزل پر 15 روپے لیٹر ہو جائے گی ، آنے والے مہینوں میں مزید 5،5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا ۔ جنوری 2023 تک لیوی کی شرح بڑھ کر 50 روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی ۔