اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایف 16ڈیل پر جن تحفظات کا اظہار کیا اس پر تبصرہ نہیں کروں گا،حال میں جو اعلان کیا گیا وہ پاک امریکا مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے ، توقع ہے پاک امریکا مضبوط شراکت داری جاری رہے گی،یہ ڈیل پاکستان او رامریکا کے مضبوط تعلقات کی عکاس ہے.
نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے بچوں کیلئے 80لاکھ ڈوزز کی انسداد کورونا ویکسین دی ، بچوں کیلئے دوسری 80ملین کی کھیپ جلد پاکستان کو دی جائے گی ،بچوں کی ویکسین لگانے کی مہم میں مزید ویکسین عطیہ کی جائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں 7لاکھ افراد کو پانی اورسینی ٹیشن کی سہولیات دے رہے ہیں، اقوام متحدہ کی اپیل پر امریکا مدد کیلئے پہلے آگے ایا، اپنے شراکت داروں کے تعاون سے خوراک فرہم کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کیلئے حکومت اور صحت کے حکام کے ساتھ کام جاری رکھیں گے، مشکل کے اس وقت میں پاکستان کو اپنے دوستوں کی مدد کی ضرورت ہے ،توقع ہے کہ مشکل کے اس وقت میں سب پاکستان کی مد دکیلئے آگے آئیں گے ۔