غزہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسرائیلی فورسز کی جانب سے معصوم و بے گناہ فلسطینیوں پر وحشت و بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، غزہ پر دوسرے روز بھی بمباری کی گئی جس سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز” کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پٹی میں ایک مہاجر کیمپ پر بمباری کی گئی جس میں 9 افراد شہید ہوئے جس کے بعد دو روز میں شہداء کی تعداد 24 ہو گئی جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ حملوں مٰن 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر ایک ہفتے تک فضائی حملے جاری رکھنے کی دھمکی بھی دی گئی ۔ ادھر سعودی عرب کی جانب سے غزہ پر قابض اسرائیل فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشیدگی ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے بھی اسرائیلی بربریت کی مذمت کی گئی اور حملوں کو غیر قانونی اقدامات کی مثال قرار دیا گیا، پاکستان نے بھی عالمی برادری سے اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ادھر مصر کی جانب سے فریقین میں ثالثی کی کوشش جاری ہے ۔