راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل اس وقت بغاوت پر اکسانے کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں جہاں گزشتہ روز ان کی طبیعت میں خرابی بتائی جارہی تھی لیکن اب جیل سپرٹینڈنٹ نے ایسی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کر دیاہے ۔
نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے سپرٹینڈنٹ اعجاز اصغر نے بتایا ہے کہ شہباز گل صحت مند ہیں ، وہ جیل کے ہسپتال میں نہیں بلکہ اپنے سیل میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہبازگل کی صحت سے متعلق چلنے والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں وہ بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں کہیں بھی منتقل نہیں کیا جارہاہے ۔
یاد رہے کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں 9 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ۔ اس سے قبل تحریک انصاف کی جانب سے شہباز گل پر تشدد کیئے جانے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور طبیعت میں خرابی کے باعث انہیں جیل کے ہسپتال منتقل کیا گیاہے لیکن اب جیل سپرٹینڈنٹ کی جانب سے ایسی تمام افواہوں کی تردید کر دی گئی ہے ۔