یوکرین کے دارالحکومت کیف میں توانائی کی تنصیبات پر روس نے حملے کیے ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق روس کے میزائل حملے میں 2 افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے یوکرینی حکام کا کہنا تھا کہ میزائل حملے کے بعد تھرمل پاور اسٹیشن سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ حملوں کے بعد شہر کے کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دریں اثنا یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین روسی حملوں کی زد میں ہے۔ روس نے یوکرین میں شہریوں کو دہشت زدہ اور ہلاک کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اکتوبر سے اب تک روس یوکرین کے 30 فیصد پاور اسٹیشنز تباہ کرچکا ہے۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ روس کو اس کے اقدامات کا جواب دینا پڑے گا۔
ادھر خبر ایجنسی کے مطابق روس نے آج یوکرین کے کئی شہروں میں فضائی حملے کیے ہیں۔