اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کی سماعت پی ٹی آئی کو دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے 19 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی ، جس دوران تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ، شاہ خاور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی چیپٹرز سے معلومات مانگی ہیں ، اسے موصول ہونے میں وقت لگے گا ، گزشتہ سماعت پر ہم نے چار ہفتوں کی مہلت مانگی تھی ، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ دوہفتے تو گزر گئے ہیں، پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ معلومات بہت اہم ہیں ، جو پاکستانی ڈونرز ہیں ان کے نائیکاپ اور دیگر دستاویزات منگوائی ہیں ،معاملہ بہت حساس ہے ۔ ممبر کمیشن نے کہا کہ پہلے اس کیس کی سماعت آٹھ سال چلی تھی ۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ، چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ آپ اپنے جواب کو پہلے جمع کروا دیں تاکہ اگلی سماعت پر دلائل شروع ہوں ۔