پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ساحلی کمیونٹی کے لیے طبی علاج، تربیت اور آگاہی پروگرام شروع کر دیا۔
اس مہم میں گوادر میں ایک فری ایمبولینس سروس کا آغاز بھی کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی شہروں میں 2 روزہ طبی تربیتی کیمپ لگائے جا رہے ہیں جن میں مفت علاج اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جا رہی ہے۔
صحت کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مقامی ماہی گیر برادری کو متعدی بیماریوں سے آگاہ کرنے اور سہولت فراہم کرنے کے لیے طبی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد ان کا طبی معائنہ اور مقامی کمیونٹی کو جان بچانے والی مفت ادویات فراہم کرنا ہے۔
اس میڈیکل کیمپ میں خواتین اور بچوں سمیت 70 مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت طبّی مشورے اور ادویات دی گئیں۔
یہ میڈیکل کیمپ خاص طور پر ساحلی علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتِ حال کے بعد لگایا گیا ہے تاکہ صحت سے متعلق ثانوی مسائل سے بچا جا سکے۔
پی ایم ایس اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر حال میں پاکستان کی ساحلی برادری کی خدمت کے نیک مقصد کے لیے پرعزم ہیں۔