لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ آج کوئی سرپرائز نہیں ، ہمارے نمبر پورے ہیں بلکہ ہو سکتا ہے دو چار ووٹ زیادہ ہو جائیں ، پنجاب اسمبلی چلتی رہے گی ۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ زرداری صاحب جن سے متعلق کہا جاتا تھا کہ ایک زرداری سب پر بھاری ، اب ان کی سیاست پرانی ہو گئی ہے ، ان کی سیاست تب تک چلتی تھی جب ضمیر فروشی ہوتی تھی ، پیسے کی بناء پر وفاداریاں بدلتی تھیں مگر وہ سیاست ختم ہو چکی ہے ، اب عوام کی سیاست ہے ، اب بند کمرے کی سیاست نہیں چلے گی ۔
اسد عمر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آج شام کو پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ منتخب ہو جائیں گے ، جب تک نظام چل رہا ہے ، پنجاب کی اسمبلی چلے گی ، آج معاشی صورتحال دیکھیں ،ڈالر 235 یا 237 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے ، معیشت گرتی چلی جا رہی ہے ، ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ صورتحال کراب ہو رہی ہے ، اس نظام نے گرنا ہی ہے ۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ پنجاب میں حکومت بن گئی تو پاور شیئرنگ کا کیا فارمولہ ہوگا جس پر اسد عمر نے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی ہونگے ، وہ اپنے اختیارات پوری طرح استعمال کر پائیں گے لیکن ظاہر ہے عددی اکثری پاکستان تحریک انصاف کی ہے وہ بھی کابینہ میں شامل ہو گی ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے متعلق بھی کچھ ہوگا۔
اسد عمر نے دعویٰ کیا کہ آج پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی آوازیں آئیں گی کہ اب ہمیں نئے انتخابات کی جانب بڑھنا ہوگا۔ پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہیں ہوگی ، وزیر اعظم اسلام آباد تک محدود ہیں ، اسلام آباد کے تینوں ایم این ایز بھی پی ٹی آئی کے ہیں ، وزیر اعظم صرف سوئمنگ پول تک محدود ہیں ۔