ملک بھر میں بجلی کے بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، شارٹ فال بڑھتے بڑھتے 7 ہزار میگا واٹ سے زائد ہو گیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب 28 ہزار 700 اور پیداوار 21 ہزار 570 میگا واٹ ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ پانی سے 6 ہزار 574 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10 ہزار 500 میگا واٹ ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس 750 اور سولر پلانٹس سے پیداوار 100 میگا واٹ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کا یہ بھی کہنا ہے کہ بگاس سے چلنے والے پلانٹس 77 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 569 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا شارٹ فال بھی 1 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو ریجن میں 6 سے 8 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔