اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکور ٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا جس میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز” کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بیان حلفی میں عدالت سے غیر مشروط معافی نہیں مانگی بلکہ کہا کہ دوران سماعت احساس ہوا کہ 20 اگست کی تقریر میں شائد ریڈ لائن کراس کی ہے ، تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا ، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہ تھا۔
سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے 26 سال تک عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑی ہے ، عدالت اطمینان کے لئے مزید کچھ کہے تو اس پر بھی عملدرآمد کیلئے تیار ہوں ۔