راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کی جانب سے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ۔
کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد لا پتہ ہو گیا تھا ، آج ڈی آئی جی خضدار نے آرمی ایوی ایشن لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی تھی جبکہ اب پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے ۔
ڈی آئی جی خضدار کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ کراچی سے 45 کلو میٹر دورعلاقے سے ملا ہے جو موسیٰ گوٹھ کے قریب درے گئی پہاڑی سلسلہ ہے۔جیونیوز کے مطابق ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کا کہنا ہےکہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ سسی پنوں مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12 کور کے انجینیئر بریگیڈیئر خالد سوار تھے ۔ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اورکریو میں چیف نائیک مدثر بھی شامل تھے ۔