پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ مختلف فنکار سیلاب زدگان کے دکھ میں شریک متاثرین کی آواز بن گئے۔
مشکل کی اس گھڑی میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی نے قوم سے سیلاب زدگان کے لیے مدد کی اپیل کردی تو کوئی خود ہی کمربستہ مدد کو پہنچ گیا۔
اداکارہ نیلم منیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ملک میں جاری سیاسی صورت حال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک جانب سیلاب نے تباہی مچادی ہے، غریب افراد بے گھر ہورہے ہیں، تباہ حال متاثرہ افراد شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں لیکن ہمارے سیاسی لیڈرز اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آخرت میں کیا منہ دکھائیں گے؟
اداکار فیصل قریشی نے مشکل کی اس گھڑی میں منافع خوروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ابھی مذاق مستی اپنی جگہ لیکن ابھی ایک دوست کا فون آیا، جو ضرورت مندوں کے لیے واٹر پروف ٹینٹ بھیجوا رہے ہیں، کچھ دوستوں یہ ہی خیمے کچھ عرصے قبل 7 سے 8 ہزار کے خریدے تھے اب وہی ٹینٹ 12 سے 14 ہزار کے مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے، ہم بڑے ’’ایماندار ‘‘ لوگ ہیں ، زبردست Very Supportive۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر بار ایسا ہی ہوتا ہے۔
اداکار احسن خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سوشل میڈیا صارفین سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں بیشتر سندھ سے ہیں۔ جون سے اب تک 777 افراد سیلاب کے باعث جان کی بازی ہار گئے اور 59 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، زیادہ تباہی سندھ اور بلوچستان کے دیہی علاقوں میں ہوئی ہے۔
احسن خان نے ایک اور پوسٹ میں سوات کے سیلاب زدہ علاقے کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی جگہ ہے جہاں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل میرے ہم نشیں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار ختم ہو گیا ہے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، گھر پانی کے ریلے میں بہہ گئے،متاثرین کے پاس کھانے پینے کا سامان نہیں ہے۔
ممتاز گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی ایک بار پھر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کھڑی ہوگئیں، انہوں نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ’وسیلہِ راہ‘ کے نام سے امدادی کیمپین کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی خاطر قوم سے مدد کی اپیل بھی کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے موقع پر بھی حدیقہ کیانی نے متاثرہ افراد کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔
اداکارہ امر خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے اللہ سے رحم طلب کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں جب ہزاروں خاندان اس خطرناک سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں ہمیں ان کی مدد کے لیے آگے آنا چاہئے اگر زیادہ کچھ نہیں تو ان کے لیے دعا کریں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر اداکار ایوب کھوسہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’ میری آپ سے درخواست ہے کہ خُدا کے واسطے آگے بڑھیں اور بلوچستان میں کھانا پانی پہنچائیں میرا بلوچستان ڈوب گیا ہے‘‘۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پیارے وطن کے لیے دعا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے مدد کی اپیل کی اور کہا ہے کہ وہ اپنے حلقہ احباب سے بھی اس پیغام کو پہنچائیں، ہمارے ہم وطنوں کو ہماری ضرورت ہے۔
ابھرتی ہوئی اداکارہ اور ماڈل فائزہ خان نے انسٹا اسٹور شیئر کرتے ہوئے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آنے والوں کو سراہا اور دیگر افراد سے بھی اپیل کی کہ امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت متاثرہ افراد کو ہماری ضرورت ہے۔