بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے ایک تقریب میں سوال کے جواب میں بتایا کہ اگر آج ان کی والدہ ہوتیں تو انہیں دیکھ کر کیا کہتیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ماہ شاہ رخ خان نے شارجہ میں ایک بین الاقوامی بُک فیئر میں شرکت کی جہاں انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا۔
تقریب میں شاہ رخ خان سے مختلف سوالات بھی پوچھے گئے جس کے جواب حاضرین کو بہت پسند آئے۔
تقریب میں بالی ووڈ سُپر اسٹار سے پوچھا گیا کہ اگر آج آپ اپنے والدین کو جو دنیا آپ نے بنائی ہے اور جو پیار آپ کو ملتا ہے، وہ دکھاتے تو وہ آپ سے کیا کہتے؟
شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ مجھے لگتا ہے کہ میری والدہ سب سے پہلے مجھ سے کہتیں کہ تم بہت پتلے ہوگئےہو، تھوڑا وزن بڑھاؤ، کیسا تمہارا منہ ہوگیا ہے اندر اندر، تمہارے کلّے اندر چلے گئے ہیں، کھانا تھوڑا اور زیادہ کھاؤ۔
شاہ رخ خان نےکہا کہ میرے والدین کو مجھ پر فخر ہوگا کہ میں نے جس طرح اپنے تینوں بچوں کی پرورش کی اور مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت خوش ہوں گے۔
کنگ خان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پرورش کامیابی نہیں، یہ ضروری ہے اور ہمیں کرنی ہوتی ہے۔
تقریب میں موجود نوجوانوں سے شاہ رخ خان نے کہا کہ زندگی کے تمام مسائل کے دوران ایماندار اور نرم دل رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے دن آتے ہیں جب ہمیں زندگی سے چیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ایسے دن آئیں گے جب ہمیں اپنے ارد گرد لوگوں سے دھوکا کرنا پڑے گا، لیکن اگر اس وقت آپ ایماندار اور نرم دل رکھیں تو آپ کو بہترین زندگی ملے گی جو اللّٰہ نے آپ کو دی ہے۔
تقریب میں شاہ رخ خان سے مزید کئی سوالات کیے گئے اور ان کے ہر جواب کو حاضرین نے خوب پسند کیا۔
شاہ رخ خان کے جوابات کو سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ شیئر کیا جارہا ہے۔