اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے متاثرین کیلئے عطیات کی اپیل کر دی ہے ۔
نجی ٹی وی ” جیو نیوز” کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ طوفانی بارشوں او سیلابی ریلوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا پیش آرہا ہے ، مصیب میں گھرے افراد امداد کے منتظر ہیں ، ہمیں ان کا سہارا بننا ہوگا ، غیر معمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قومی جذبہ دکھانے کی اشد ضرورت ہے ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے ،وفاقی حکومت صوبوں سے مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے ، بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی سے نمٹنے کیلئے خطیر رقم درکار ہے ۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 کی تفصیلات بھی جاری کیں اور قوم سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی ، عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جا سکتے ہیں ۔