کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیدڑ سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو کراچی کی مقامی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے ۔
نجی ٹی وی "سماء "کے مطابق کراچی کی ملیر کورٹ نے اینٹی انکروچمنٹ حکام کی جانب سے حلیم عادل شیخ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کر دیا ہے ،کراچی کی ملیر کورٹ نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف سرکاری اراضی پر قبضے کے کیس میں حلیم عادل کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے ۔
فاضل عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے اینٹی انکروچمنٹ حکام کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا،حلیم عادل شیخ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اورقائد حزب اختلاف ہیں ، حلیم عادل شیخ پرزمینوں پرقبضے اورکرپشن کےمقدمات درج ہیں،27 جولائی کوانہیں جامشورو سے بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم اس مقدمے میں ان کی ضمانت ہوچکی تھی ،اس کےعلاوہ حلیم عادل شیخ کو محکمہ اینٹی کرپشن کی خصوصی ٹیم لاہور میں بھی گرفتار کرچکی ہے۔