اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے بتایا ہے کہ رواں برس مئی کے دوران شام میں روس نے اسرائیلی طیاروں پر طیارہ شکن ہتھیار سے میزائل داغے تھے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور اسرائیل کے درمیان تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے یوکرین جنگ کی مذمت کی، اسی کے بعد روس نے اپنے ملک میں موجود یہودیوں کی ایک امیگریشن ایجنسی کی اسکروٹنی شروع کر دی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 13 مئی کو ایک اسرائیلی چینل پر خبر نشر ہوئی کہ روس کے ایس 300 میزائل اسرائیلی طیاروں پر فائر کیے گئے ہیں۔
وزیر دفاع نے حال ہی میں ایک کانفرنس کے دوران اس خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ ہمارے طیاروں پر میزائل چلائے گئے تھے لیکن طیاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔