پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبرپختونخوا میں ڈینگی بے قابو ہونے لگا ، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا کے 34 اضلاع میں رواں سیزن میں ڈینگی کے 4 ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے ۔
نجی ٹی وی ” ہم نیوز” کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کےمزید 276 نئےکیسز رپورٹ ہوئے، پشاور میں 118 ، مردان میں 67، ملاکنڈ میں 10، لوئر دیر میں 41، نوشہرہ میں 5، صوابی میں 9،چارسدہ میں 16، بنوں میں 7، ایبٹ آباد میں دینگی کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ ڈینگی سے متاثرہ 128 مریض اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ادھر صوبے میں ڈینگی سے ایک اور مریض انتقال کر گیا جس کے بعد رواں سیزن میں مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ۔
خیبرپختونخوا حکومت ڈینگی کا سی بی سی ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان کر چکی ہے ۔