معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سے ملاقات کرنا کسی عام انسان کے لیے کوئی معمولی بات نہیں ہے، لیکن بھارت کے ایک سافٹ ویئر انجینئر کے لیےان سے رابطہ کرنا بہت ہی آسان کام ثابت ہوا۔
پرانے پاتھول نامی ایک بھارتی سافٹ ویئر انجینئر کی ایلون مسک سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت بات چیت ہوئی تھی جب وہ نوعمر تھے۔
بعد ازاں یہ غیر متوقع آن لائن دوستی پروان چڑھی اور ایلون مسک نے پرانے پاتھول کے سینکڑوں ٹوئٹس اور میسجز کے جوابات دیے۔
ایلون مسک نے نوجوان پرانے پاتھول کو زندگی میں بہتر انداز میں آگے بڑھنے کے بارے میں بہت سے اہم مشورے بھی دیے۔
رواں ہفتے جب بھارتی سافٹ ویئر انجینئر امریکا پہنچے تو بالآخر ان دونوں دوستوں کی ملاقات بھی ہوگئی۔
اُنہوں نے ٹوئٹر پر ایلون مسک کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے دنیا کے امیر ترین آدمی سے ملا قات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ گیگا فیکٹری ٹیکساس میں ایلون مسک سے ملاقات بہت اچھی رہی۔
اُنہوں نے ایلون مسک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے آج تک اتنا نرم مزاج اور عاجزی رکھنے والا شخص نہیں دیکھا۔
پرانے پاتھول نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ ایلون مسک لاکھوں لوگوں کے لیے مثال ہیں۔
بھارتی سافٹ ویئر انجینئر پرانے پاتھول کا یہ پہلا بیرونِ ملک سفر ہے، وہ امریکا میں بزنس انالیٹکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے گئے ہیں۔