اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے بڑے پیکیج کی تیاری شروع کردی ہے، اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے جس میں پاکستان کی بھرپور انداز میں معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیلئے فنڈ میں حصہ ڈا لے گا اور سیلاب میں غریب اور مستحق افراد کی مدد کی جائے گی۔ سیلاب میں بیمار خواتین اور بچوں کی مدد کریں گے اور کاشتکاروں کی فصلوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ کسانوں کو دوبارہ فصلیں اگانے اور زندگی میں دوبارہ قدم جمانے کے مواقع دیئے جائیں گے۔ سیلاب سے تباہ سڑکوں، پل اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے فنڈز فراہم کریں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سیلاب سے تباہ حال گھر، سکول، ہسپتال اور دیگر عمارتوں کی تعمیر نو میں بھی مدد کی جائیگی۔