اتوار کے دن نیویارک کے کانگرس رکن لی زیلڈین کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا تعلق زیلڈین کی فیملی سے نہیں تھا۔
لی زیلڈین ریپبلکن پارٹی کی طرف سے نیویارک کی گورنر شپ کے امیدوار ہیں اور انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں جرائم اور پُرتشدد واقعات کے خلاف پر زور آواز بلند کی ہے۔
فائرنگ کے واقعے سے متعلق کانگریس رکن نے کہا کہ وہ فائرنگ سے متاثرہ افراد کو نہیں جانتے لیکن دونوں ان کے گھر کے بیرونی برآمدے اور جھاڑیوں میں زخمی حالت میں پائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت ان کی دونوں بیٹیاں گھر پر تھیں۔
دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل جولائی میں بھی زیلڈین پر ایک انتخابی مہم کے دوران حملہ ہوا تھا، حملہ آور کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا تھا۔