ہالی ووڈ سُپر اسٹار ڈوین جانسن نے امریکی صدر بننے سے متعلق اپنی دلچسپی پر ایک مرتبہ پھر کھل کر بات کی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں امریکا اور اس میں رہنے والے تمام افراد سے محبت کرتا ہوں لیکن میرے لیے والد ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
ڈوین جانسن نے مزید کہا کہ میری بیٹیوں کی زندگی کا یہ بہت ہی اہم اور نازک وقت ہے اس لیے میرے لیے سب سے اہم اور نمبر ون چیز والد ہونا ہے۔
50 سالہ ڈوین جانسن نے ماضی کی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے انٹرویو میں بتایا کہ کام کے باعث میں کئی سال اپنی بیٹیوں سے دور رہا اور صدارت بھی ایسا ہی کرے گی، اس لیے میری سب سے پہلی ترجیح میری بیٹیاں ہیں۔
اس سے قبل سال 2021ء میں ڈوین جانسن (دی راک) نے مستقبل میں امریکی صدارت کے لیے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو مکمل طور پر لوگوں کی خواہشات سے جوڑ دیا تھا۔
امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈوین جانسن نے کہا تھا کہ وہ اس حوالے سے بہت سنجیدہ ہیں، مستقبل میں امریکی صدارتی انتخاب میں حصہ لینے پر غور کروں گا اگر لوگوں نے چاہا تو۔
واضح رہے کہ ڈوین جانسن اپنے زمانہ طالب علمی سے ہی مشہور اور کامیاب رہے ہیں۔ کالج میں فٹبال اسٹار رہنے کے علاوہ وہ ماضی میں ریسلنگ میں بھی چیمپئن بنے۔