اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے پیسے لے کر ان کی حکومت گرائی ، جے یو آئی کو لیبیا سے فنڈنگ آئی ، الیکشن کمیشن نےان پر تو فیصلہ نہیں دیا۔
فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد رد عمل میں کہا کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کا حساب نہیں دیا ، الیکشن کمیشن ان سے حساب نہیں لے سکا، آج کچھ میڈیا گروپس کے لئے بھی مایوسی کا دن ہے جو کہتے تھے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگنے جا رہی ہے ، ہمارے الیکشن کمیشن پر پہلے بھی تحفظات تھے جو عدالتوں میں چیلنج کئے ، اب بھی کریں گے ۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹیاں 2018 میں ایک ہی وقت میں بنائی گئیں ، الیکشن کمیشن نے صرف ہمارے ہی کیس کو آگے بڑھایا ، الیکشن کمیشن صرف ہمارا ہی فیصلہ سناتا ہے ، میں چیف الیکشن کمشنر سے سوال پوچھتا ہوں کہ غیر جانبدار ہیں تو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا فیصلہ کہاں پر ہے ، مسلم لیگ (ن) نے 12 اور پیپلزپارٹی نے 11 اکاؤنٹس چھپائے ۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ فیصلے پر ہماری قانونی ٹیم اپنی رائے سامنے لائے گی ، ہم نوٹس کا جواب دیں گے ، فارن فنڈنگ کے معالے پر ہماری جیت ہوئی ، ہم روز اول سے کہتے تھے کہ یہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فندنگ کا ہے ۔