اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج مکمل ہوچکے ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی نے 11 میں سے آٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ تین نشستوں پر حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کو کامیابی ہوئی۔ خیال رہے کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی کی آٹھ جب کہ پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کی سات نشستوں سے الیکشن لڑا اور چھ میں کامیاب رہے۔ وہ بیک وقت چھ نشستوں سے کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان کی تاریخ کے پہلے شخص بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ریکارڈ بنایا تھا ، حالیہ ضمنی الیکشن میں انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
عمران خان کی جیتی گئی نشستیں
این اے 22 مردان
یہاں عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا محمد قاسم نے 68 ہزار 181 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے میں عمران خان کی جیت کا مارجن 8500 رہا۔
این اے 24 چارسدہ
این اے 24 کے تمام 384 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق عمران خان نے 78 ہزار 589 ووٹ حاصل کیے ، ان کے مد مقابل عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ایمل ولی خان 68 ہزار 356 ووٹ لے سکے۔ عمران خان کا اس حلقے میں جیت کا مارجن 10 ہزار 233 ووٹ رہا۔
این اے 31 پشاور
این اے 31 پشاور سے عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔ ان کے مد مقابل حاجی غلام احمد بلور نے 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کیے ۔ عمران خان نے اس نشست پر مخالف امیدوار کو 25 ہزار 571 ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی ۔
این اے 108 فیصل آباد
یہاں عمران خان 99 ہزار 841 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی نے 75 ہزار 266 ووٹ حاصل کیے۔ عمران خان نے لیگی امیدوار کو 24 ہزار 575 ووٹوں سے شکست دی ۔
این اے 118 ننکانہ صاحب
یہاں سے عمران خان 90 ہزار 180 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب کھرل 78 ہزار 24 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس حلقے میں عمران خان کی جیت کا مارجن 12 ہزار 156 ووٹ رہا۔
این اے 239 کورنگی کراچی
یہاں عمران خان نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 50 ہزار 14 ووٹ حاصل کیے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے امیدوار سید نیئر رضا 18 ہزار 116 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پیپلز پارٹی نے کن نشستوں پر کامیابی حاصل کی؟
این اے 237 ملیر کراچی
اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ فاتح رہے ہیں۔ انہوں نے 32 ہزار 567 ووٹ لے کر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شکست دی۔ کپتان نے اس حلقے میں 22 ہزار 493 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ عمران خان کو اس حلقے میں 10 ہزار 74 ووٹوں سے شکست ہوئی۔ سات میں سے یہ وہ واحد حلقہ تھا جس میں عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
این اے 157 ملتان
یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی ایک لاکھ سات ہزار 327 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مہر بانو قریشی 82 ہزار 141 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ۔ علی موسیٰ گیلانی نے اس نشست پر 25 ہزار 186 ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی ہے۔
پنجاب اسمبلی کی 3 نشستیں
پی پی 139 شیخو پورہ
یہاں مسلم لیگ( ن) کے امیدوار چوہدری افتخار احمد بھنگو نے 40 ہزار 829 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار ابوبکر شرقپوری 37 ہزار 712 ووٹ حاصل کرسکے۔ اس حلقے میں لیگی امیدوار کی لیڈ تین ہزار 117 رہی۔
پی پی 209 خانیوال
پی ٹی آئی کے فیصل نیازی 71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری ضیاء الرحمان 57 ہزار 603 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ فیصل نیازی نے مخالف امیدوار کو 13 ہزار 553 ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی۔
پی پی 241 بہاولنگر
یہاں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار ملک محمد مظفر خان نے 59 ہزار 957 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار 48 ہزار 147 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے میں تحریک انصاف نے 11 ہزار 810 ووٹوں کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔