کراچی آرٹس کونسل میں سجا تین روزہ میوزیکل فیسٹیول کا رنگا رنگ میلہ، جس میں پاکستانی فنکاروں سمیت بین الاقوامی گلوکارہ نے بھی شرکت کی۔
اس میوزک فیسٹیول میں جہاں مقامی گلوکاروں نے دھوم مچائی وہیں یوکرین سے آئی گلوکارہ کمالیہ نے اپنی شاندار پرفارمنس اور اردو زبان میں گانے سے فیسٹیول میں چار چاند لگا دیے۔
ابتداً انہوں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو اپنے وطن میں جاری جنگی حالات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یوکرین کے لوگ جنگ جیتنے کے لئے پرامید ہیں۔
پھر انہوں نے اپنے گیتوں سے کراچی والوں کو خوب محظوظ کیا۔
یوکرینی گلوکارہ نے پاکستانی پاپ اسٹار نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا مشہور زمانہ گانا بوم بوم گایا۔
کمالیہ نے پاکستان سے بھی اظہار محبت کرتے ہوئے دل دل پاکستان گایا تو شائقین انہیں داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل پاکستان کراچی احمد شاہ اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یوکرینی گلوکارہ کو ایوارڈ سے بھی نوازا ۔
اس فیسٹیول میں موسیقار کمالیہ کے علاوہ احمد جہانزیب، شاہزیب علی، ارمان رحیم سمیت اختر چنال نے بھی فوک، راک اور کلاسیکی موسیقی کے جوہر دکھائے۔