حریت رہنما یاسین ملک نے 12 روز بعد بھارتی دارالحکومت دہلی میں واقع تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال ختم کر دی۔
یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ میرے شوہر، عظیم کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک نے 12 دن کے بعد تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔
مشعال ملک نے تمام لوگوں کا آواز اٹھانے اور دعا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک نے جھوٹے مقدمے میں سزا پر تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کر رکھی تھی۔
گزشتہ دنوں بھوک ہڑتال کے باعث طبیعت ناساز ہونے پر انہیں جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بھارت میں واقع تہاڑ جیل کے سب سے حساس حصے میں قید حریت رہنما کو جب ربیعہ قتل کیس میں عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تو انہوں نے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔