لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ہاشم ڈوگر سے استعفیٰ خود لیا ہے، وہ وزیر داخلہ پنجاب سے خوش نہیں تھے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق سینئر صحافی حامد میر نے ہاشم ڈوگر کے استعفیٰ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اطلا ع کے مطابق وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے عمران خان نے خود استعفیٰ لیا ہے، حامد میر نے کہا کہ عمران خان وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے خوش نہیں تھے، ہاشم ڈوگر پر چارج شیٹ میں ایک الزام یہ بھی تھا کہ ان کا تعلق اسٹیبلشمنٹ کے سینئر افسر سے ہے اور یہ ان سے ابھی بھی ملتے ہیں، اس کے علاوہ یہ بھی الزام ہے کہ ہاشم ڈوگر نے پنجاب سے اسلام آباد لائے جانے والے کنٹینرز روکنے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
دوسری جانب ہاشم ڈوگر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں استعفے سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی،ہاشم ڈوگر نے لکھا کہ عمران خان میرے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، چیئرمین عمران خان نے کسی بات کا حکم نہیں دیا، میں نے ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا ہے اور ہمیشہ خان کا وفادار رہوں گا۔
یہ بالکل غلط خبر ہے۔ عمران خان میرے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ چئیرمین نے کبھی ایسی بات کا حکم نہیں دیا۔ میں نے زاتی وجوہات پہ استعفی دیا ہے اور ہمیشہ خان کا وفادار رہوں گا pic.twitter.com/PFiEs6nwmf
— Col (R) Muhammad Hashim| Home Minister Punjab. (@ColhashimDogar) October 11, 2022
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا، ہاشم ڈوگر نے ہاتھ سے لکھا ہوا اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پیش کیا جس میں انہوں نے مستعفی ہونے کی وجہ ذاتی وجوہات کو قرار دیا۔