لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں عبوری ضمانت منظور ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ ہاشم ڈوگر جیسا نکما وزیر داخلہ آج تک ہم نے نہیں دیکھا ، انہوں نے تو مجھے کافی نہیں پلائی مگر میں انہیں دعوت دیتا ہوں ، اگر وہ پھینٹی ہوئی کافی پینا چاہیں تو وہ بھی ملے گی ۔
نجی ٹی وی ” جیو نیوز” کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ ، مرزا جاوید ، رانا مشہود ، ملک حبیب اعوان ، رخسانہ کوثر ، اویس لغاری ، بلال تارڑ و دیگر ضمانت کیلئے سیشن کورٹ پہنچے ، عدالت نے ن لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توثیق کر دی ۔
ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کا کام جاری ہے ، وفاقی سطح پر امداد کا کام ہو رہا ہے مگر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے والی جماعت کہیں نظر نہیں آرہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے صاحبزادے بھی نظر نہیں آرہے ، حکومت پنجاب آٹے اور ادویات کی قلت پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہے ، ذخیرہ اندوزوں نے پنجاب حکومت سے ساز باز کی ہے ، وزیر داخلہ پنجاب کو اپنی وزارت کا پتہ ہے نہ داخلے کا ، ایسا نکما وزیر داخلہ ہم نے نہیں دیکھا ، مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے ، آپ کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو پاکستان کیوں نہیں بلاتے ۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس پنجاب حکومت گرانے کے بہت سے آپشن موجود ہیں ، مجھے نہیں لگتا کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں گے ۔