اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے تقریباً ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز کی انسانی امداد دینے کا اعلان کردیا ہے۔
نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز "کے مطابق بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے حکومت پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کو معاونت فراہم کرنے اور اپنی موجودہ گرانٹس کے مصارف کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے، فاؤنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر کرسٹوفر الیس نے پاکستان کے سفیر مسعود خان کو خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن پولیو پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جانے والے 1200 ہیلتھ کیمپوں کی بھی مدد کرے گی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن 3زچگی ہسپتالوں کے لیے مزید امداد بھی فراہم کرے گی تاکہ ایسے ہسپتالوں کہ جن میں بے گھر ہونے والی خواتین کی دیکھ بھال کا بوجھ زیادہ ہے وہاں زچگی سے متعلقہ سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے،فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی سبسڈی اور کیش ٹرانسفر کی مد میں 40لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔
کرسٹوفر الیس نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہری ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب ایک قومی المیہ ہے جو کہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور ان کے گھروں اور انکی زمینوں پر سیلاب کے تباہ کن اثرات انتہائی غم انگیز ہیں ۔
اس موقع پر سفیر پاکستان مسعود خان نے مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کرنے پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا،
واضح رہے کہ سفیر پاکستان مسعود خان نے 26 اگست 2022 کو شریک چیئر مین بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، بل گیٹس کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بل گیٹس کو سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔