وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پی ڈی ایم اے، کابینہ اراکین و شہری ادارے پانی کی نکاسی کے لیے مصروف عمل ہیں۔
کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسلسل بارشوں کی باعث نکاسی آب میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انشاء اللّٰہ شہر سے پانی کی نکاسی جلد از جلد ممکن بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم سندھ کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایمرجنسی یا شکایت کی صورت میں شہری پی ڈی ایم ہیلپ لائن 1736، سی ایم ہاؤس کمپلینٹ سیل 919 اور موبائل نمبر 03355557362 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس مددگار 15 اور ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 کو شہریوں کی مدد کے لیے خصوصی احکامات جاری کر دیے ہیں۔