کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ سیلابی ریلا سپر ہائی وے پر آنے کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں اور اسے ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آرٹس کونسل چورنگی اور سپریم کورٹ رجسٹری کے علاوہ دیگر کئی علاقوں اور سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔
زینب مارکیٹ اور ایم اے جناح روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے سے آنے والے پانی کو مہران نالے میں ڈالا جارہا ہے، سعدی ٹاؤن میں پانی آنے کا خدشہ نہیں ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے بعد علاقہ مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے۔