بالی ووڈ انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار سدھانت چترویدی نے کترینہ کیف کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ وہ بظاہر معصوم نظر آتی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
سدھانت چترویدی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی نئی فلم ’فون بھوت‘ میں کترینہ کیف کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’کترینہ کیف بظاہر بہت معصوم نظر آتی ہیں لیکن حقیقت میں وہ بہت بڑی پرینکسٹر یعنی بے جا شرارتوں اور ہنسی مذاق کی شوقین ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’کترینہ نے فلم کے سیٹ پر میرا اور ایشان کھٹر کا بہت زیادہ مذاق بنایا کیونکہ ہم ابھی ان کےجونیئر ہیں لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت حیرت انگیز تھا کیونکہ وہ ہنسی مذاق کی شوقین ہونے کے ساتھ ساتھ بہت محبت کرنے والی شخصیت بھی ہیں‘۔
سدھانت چترویدی کا کہنا ہے کہ ’کترینہ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور میرے خیال میں وہ ان سب سے زیادہ محنتی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جن کے ساتھ میں نے اب تک کام کیا ہے‘۔
یاد رہے کہ اداکار سدھانت چترویدی، کترینہ کیف، اور ایشان کھٹر کی نئی فلم ’فون بھوت‘ جس کا ٹریلر 10 اکتوبر کو ریلیز ہوا تھا، اس کے 4 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔