لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، حماد اظہر ، جمشید اقبال چیمہ سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 18 رہنماؤں نے اپنے خلاف درج مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات کو چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی گئی ، عدالت نے وکلا کو حتمی دلائل کےلیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزمان شامل تفتیش ہو چکےہیں؟، وکیل نےعدالت کو بتایا کہ تمام ملزمان شامل تفتیش ہو چکے ہیں ۔
حماد اظہر اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے لاہور کے 4 تھانوں میں درج مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات کو چیلنج کیا گیا ،پولیس اور پراسیکیوشن کو دفعات خارج کرنے کیلئے درخواستیں جمع کرائیں جن میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف دہشتگرد کے مقدمات خارج کئے جائیں ۔
پی ٹی آئی کےرہنما یاسمین راشد ، حماد اظہر ، اعجاز چودھری ، محمود الرشید ، اسلم اقبال و دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔