بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) مصیب کی گھڑی میں چین پاکستان کی مدد کیلئے پھر آگے آگیا ، چین کی جانب سے 100 ملین یوان ، 25 ہزار خیموں و دیگر اشیاء کی امداد کا اعلان کیا گیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر صدر عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف کے لیے خصوصی پیغام بھیجا جس میں پاکستانی قیادت اور عوام سے افسوس اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ۔
چین کے صدر اور وزیراعظم کا پیغام چینی سفیر نونگ رونگ نے پاکستانی قیادت تک پہنچایا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ، صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کاتہہ دل سے مشکورہوں۔
چین کی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی، چینی سفیر نونگ رونگ کراچی میں امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔