اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پیش کردیاگیا،عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد کچہری میں پیش کردیا گیا،اعظم سواتی کی جانب سے وکیل علی بخاری مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئے، جج نے علی بخاری سے استفسار کیا کہ آپ کیوں عدالت میں پیش ہو رہے ہیں؟وکیل علی بخاری نے کہاکہ اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا ، مجسٹریٹ عمر چھٹی پر ہیں ،اعظم سواتی کو اسی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مجسٹریٹ نے کہاکہ ابھی تک اعظم سواتی کو پیش نہیں کیاگیا،وکیل علی بخاری نے کہاکہ اعظم سواتی کو اسی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو سینئرسول جج شبیر بھٹٹی کی عدالت میں پیش کردیا گیا،ایف آئی اے کی جانب سے اعظم سواتی کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاکی گئی ، اعظم سواتی کے وکلا نے کہاکہ صرف سیاسی بنیادوں پر اعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا ہے ،اعظم سواتی پر رات گئے بدترین تشدد کیا گیا،عدالت نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ سناتے ہوئے اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔