لاہور ہائیکورٹ نے ضمنی انتخابات کیلئے جاری ووٹر لسٹوں کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراض ختم کرکے اسے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کا درخواست کے ساتھ مصدقہ نقول نہ لگانے کا اعتراض ختم کیا ہے۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ڈاکٹر یاسمین کی درخواست پر اعتراض کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے ضمنی انتخابات کیلئے جاری ووٹر لسٹیں چیلنج کر رکھی ہیں۔
درخواست میں الیکشن کمیشن،صوبائی الیکشن کمیشن،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاسمین راشد کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہورمیں انتخابی حلقوں میں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کرکے فراڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کےحلقوں میں دوسرے حلقوں کے ووٹرز کو لسٹوں میں شامل کیا گیا ہے لہذا ووٹر لسٹوں کو الیکشنز ایکٹ اور رولز سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 25 مئی کے نوٹیفکیشن سے پہلے کی ووٹر لسٹوں پر ضمنی انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری کے بے دریغ استعمال کو بھی روکا جائے۔