کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا ریکارڈ بریکنگ گانا ’’پسوڑی‘‘ اب سرحدیں عبور کرتا ہوا افریقا پہنچ گیا۔ کوک اسٹوڈیو افریقا نے پسوڑی گانے کو افریقی تڑکا لگا کر پیش کردیا۔
پسوڑی کے افریقی ورژن نے بھی ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کوک اسٹوڈیو افریقہ کے آفیشل اکاؤنٹ پر پسوڑی کا افریقی ری مکس شیئر کردیا گیا۔
افریقی ورژن میں علی سیٹھی کے ہمراہ مصر سے تعلق رکھنے والے ریپر مروان موسیٰ اور افریقی گلوکار ریکاڈو بینکس نے آواز کا جادو چلایا ہے۔
کوک اسٹوڈیو افریقہ کا کہنا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گانے پسوڑی کا افریقی ورژن پیش کرنے کا مقصد افریقی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں شروع ہونے والے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پانچویں گانے پسوڑی کو علی سیٹھی اور شائے گِل نے روایتی پاپ انداز میں گایا ہے۔
اس کی شاعری علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی کو ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی نے کمپوز کیا ہے۔