اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وفاقی وزیر خزانہ ، پی ٹی آئی کے رہنما اور سینیٹر شوکت ترین کی وزیر خزانہ پنجاب کے بعد وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کے ساتھ بھی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو لیک ہو گئی ۔
سوشل میڈیا پر لیک ہونے والی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو میں شوکت ترین وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا سے بات کر رہے ہیں ۔ گفتگو کے آغاز میں تیمور جھگڑا کی آواز سنی جا سکتی ہے جس میں وہ کہتے ہیں "شوکت صاحب سلام و علیکم "، شوکت ترین کہتے ہیں "سر وہ آپ نے خط بنا لیا "۔ تیمور جھگڑا کہتے ہیں "ابھی میں بناتا ہوں ، میرے پاس پرانا لیٹر ہے ، میں راستے میں ہوں میں اسے چیک کروں گا ، ابھی بنا کے آپ کو ۔۔۔”، شوکت ترین کہتے ہیں "بنا کر اس کے بیچ میں سب سے بڑا جو پہلا پوائنٹ بنا لینا آپ ، دوسرے تو آپ نے پہلے بنائے ہوئے ہیں "۔ وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کہتے ہیں کہ "ہاں "۔ شوکت ترین کہتے ہیں” یہ جو سیلاب آئے ہیں اس میں انہوں نے پورے خیبرپختونخوا کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ” تیمور جھگڑا کہتے ہیں کہ ہاں جی ، شوکت ترین کہتے ہیں تو ہمیں اسکی بحالی کیلئے بہت پیسے چاہئیں ، تیمور جھگڑا کہتے ہیں ہاں جی ۔
ایسا کوئی سیاست کےلیے کیسے کر سکتا ہے؟؟ https://t.co/dog4HmzJuM
— Ansar Abbasi (@AnsarAAbbasi) August 29, 2022
شوکت ترین کہتے ہیں ” ٹھیک ہیں نا ، میں نے لغاری کو بھی کہہ دیا ہے ،اس نے بھی یہی کہا ہے کہ جی ہمیں بہت پیسے خرچنا پڑیں گے ۔ تیمور جھگڑا کہتے ہیں ، ویسے تو یہ بلیک میلنگ کے ہتھیار ہیں ،پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے ،میں نے تو نہیں چھوڑنے ، میں نہیں جانتا کہ لغاری نے چھوڑنے ہیں یا نہیں ۔ شوکت ترین کہتے ہیں کہ آپ نے نہیں چھوڑنے تو ہم اس سے بھی نہیں چھڑوائیں گے نا ،لیکن آج ہم نے کرنا یہ ہے کہ نا کہ آج یہ خط لکھ کر ، اور وہ جو آئی ایم ایف والی ایشٹرس ہے اسکو کاپی بھیج دینگے ،تا کہ یہ پتہ تو چلے نہ ان کو کہ یہ جو پیسے رکھوا رہے تھے ، وہ پیسے ہم لیں گے ، ٹھیک ہے نا؟۔
تیمور جھگڑا کہتے ہیں ٹھیک ہے ، میں ، وہ بنا کے ۔۔۔ ، میں آئی ایم ایف کے نمبر 2 جو یہاں پر ہے کو بھی جانتا ہوں ،تو اس سے تو میں ویسے ہی ساری انفارمیشن اس سے لیتا رہا ہوں ، وہ کر دینگے ،مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا ، میں نے اس سے بھی بات کی ہے ۔ شوکت ترین کہتے ہیں” جی ہاں ” ۔
تیمور جھگڑا کہتے ہیں اور ۔۔ ۔یہ میں آپ کے ساتھ ۔۔۔، اچھا دونوں خان عمران خان صاحب اور محمود خان نے مجھے بتایا کہ ، وہ کل کی میٹنگ میں بھی یہی ڈسکس ہو اتھا کہ ہم ایک اکٹھے پریس کانفرنس کریں گے ،مگر میں نہیں جانتا کہ وہ کب کرنی ہے اور کہاں کرنی ہے ۔
شوکت ترین کہتے ہیں کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی ، وہ یہ تھا کہ یہ ہم کر لیں گے اور اس کے بعد یہ جو ہے نہ ہم سیمینار کرینگے پیر کے روز۔ اب اس کے اوپر اگر پریس کانفرنس کرنی ہے وہ بھی کر سکتے ہیں سارے ، تینوں کے تینوں ہم بیٹھ کر ، خط ہم بھیج دیں ان کو ۔
تیمور جھگڑا کہتے ہیں ہمیں پہلے خط پر کام کرنا چاہئے ،شوکت ترین کہتے ہیں کہ ہاں پہلے خط تو کریں نہ ، تا کہ یہ پتہ تو چل جائے ،ٹھیک ہے ناں ۔ تیمور جھگڑا کہتے ہیں ، ٹھیک ہے ۔ اوکے ، اوکے ۔