لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن)نواز شریف کا کہنا ہے کہ والدہ مجھ سے زیادہ پیار کرتی تھیں، شہباز شریف صاحب گلہ بھی کرتے تھے کہ امی آپ سے زیادہ پیار کرتی ہیں اور وہ امی کے سامنے بھی کہتے تھے جس پر امی ہنس پڑتی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کا میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ والدہ مجھ سے بہت زیادہ محبت کرتی تھیں اور وہ کہتے ہیں نہ کہ مائیں بڑے بیٹوں سے زیادہ محبت کرتی ہیں ، جب وہ مجھے راولپنڈی جیل میں ملنے آئیں تو کہتی کہ میں نے تمہیں لے کر جانا ہے، اور سپرنٹنڈنٹ جیل سے کہا کہ اسے میرے ساتھ بھیجو جس پر وہ کہتے ہیں کہ نہیں جی میں انہیں آپ کیساتھ نہیں بھیج سکتا ، پھر امی نے ضد کر لی کہ ٹھیک ہے میں بھی یہیں رہوں گی، اور ہم نے بڑی مشکل سے منا کر انہیں گھر بھیجا ۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ جب میں یہاں لندن میں تھا تو اور مجھے ملنے کیلئے آئیں اور کہتی تھیں کہ میں بس 2 ہفتے یہاں رہوں گی او ر پھر چلی جاؤں گی اور اس کے بعد کہتی کہ نہیں مزید ایک ہفتہ رہوں گی اور جب وہ وقت بھی ختم ہوا تو کہتی کہ میں مزید کچھ ہفتے رہوں گی اور ان کا دل ہی نہیں کر رہا تھا یہاں سے جانے کو اور پھر کورونا آ گیا اور وہ اس دوران انتقال کر گئیں۔