لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) دورہ پاکستان پر آکر سکیورٹی کے نام پر میچ کھیلے بغیر واپس جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر دورہ پاکستان پر آئے گی جس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم کراچی میں 32 سال جبکہ پاکستان میں 20 سال کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے آفیشل اکاونٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان کے خلاف کراچی میں 27 سے 31 دسمبر تک ٹیسٹ میچ شیڈول ہے ، انگلینڈ کی ٹیم نے کراچی کے میدان میں 1990 میں آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2002 میں لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلا تھا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں د وٹیسٹ ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز کھیلنے دو مرحلوں میں آئے گی ۔ پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت کراچی آئے گی جب انگلینڈ کی پہلے سے یہاں کھیل رہی ہوگی ، انگلینڈ کے ساتھ میچز ختم ہوتے ہی نیوزی لینڈ سے سیریز شروع ہو جائے گی ۔