لاہور کی سیشن عدالت نے ہتک عزت کیس میں گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی ایک روز کے لیے حاضری معافی درخواست منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے نامور گلوکار و موسیقار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی۔
گلوکارہ میشا شفیع کی طرف سے بیماری کے سبب حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میشا شفیع جوڑوں میں درد کے باعث جرح کے لیے عدالت میں کھڑی نہیں ہوسکتیں، کیس کی مزید سماعت 20 روز تک کے لیے ملتوی کی جائے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں رکھنے کی علی ظفر کی درخواست بھی بلا جواز قرار دی جائے۔
سیشن کورٹ نے میشا شفیع کی بیماری کے سبب ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر میشا شفیع کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی۔
سیشن کورٹ نے آئندہ سماعت پر میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں رکھنے کی درخواست پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ علی ظفر نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے پر میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔