اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب سے تباہی سے کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز مزید 34افراد جاں بحق ہو گئے ، حکومت نے قومی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے حوالے سے بتایا کہ ملک بھر میں سیلاب سے گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 34افراد جاں بحق ہو گئے جاں بحق افراد میں 17بچے ، 10مرد اور 7خواتین شامل ہیں ،گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں 16، سندھ میں 13،بلوچستان میں 4اور پنجاب میں ایک شخص جاں بحق ہو ا،سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 937ہو گئی ہے ،جبکہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران 1343افراد زخمی ہو چکے ہیں ۔
اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز 85ہزار 897جانور ہلاک ہوئے ، اب تک 7لاکھ 93ہزار 995جانور ہلاک ہو چکے ہیں،6لاکھ سے زائد گھر متاثر، بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر تباہ ، کئی سڑکیں بہہ گئی ہیں ، پل ٹوٹ چکے ہیں ۔