انڈونیشیا میں نئے انتظامی یونٹس کے قانون پر مظاہرے جاری ہیں، مشرقی علاقے پاپوا میں علیحدگی پسندوں نے فائرنگ کر کے 9 افراد کو ہلاک کردیا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد جان سے جاچکے ہیں۔
حکام نے تفتیش شروع کر دی ہے لیکن ترجیحی بنیادوں پر شہریوں کے انخلا کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ملک میں کچھ روز سے ایک نئے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری تھے جن کے مطابق پاپوا کے علاقے میں مزید تین صوبے جنوبی پاپوا، وسطی پاپوا اور ہائی لینڈ پاپوا بنائے جائیں گے۔
انڈونیشیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس سے ترقی کی رفتار تیز ہوگی جبکہ عوامی خدمت میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ پاپوا سے تعلق رکھنے والوں کے لیے سول سروس میں مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
ناقدین کا موقف ہے کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے سے جکارتہ کو اس وسائل سے بھرپور علاقے میں مزید اختیارات حاصل ہوجائیں گے اور صوبائی خودمختاری کم ہوجائے گی۔