پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے ’فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ‘ کے موقع پر اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہونے کی وجہ بتا دی۔
فہد مصطفیٰ نے دبئی میں ’فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ‘ کے موقع پر ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ چاہے پاکستانی فلم فیئر ہو یا بھارتی فلم فیئر کے اسٹیج پر کھڑے ہونا ہو دونوں ہی بہت بڑے اعزاز کی بات ہیں۔
اُنہوں نے ساتھی اداکارہ سجل علی کے حوالے سے کہا کہ ابھی کچھ دیر پہلے سجل نے یہاں کھڑے ہوکر اپنے جذبات کا بہت زبردست انداز میں اظہار کیا۔
فہد مصطفیٰ نےایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بتایا کہ میں نے اداکار بننے کا فیصلہ بھارتی اداکار گووندا سے متاثر ہوکر کیا تھا۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ اس تقریب میں بھارتی اداکار گووندا بھی موجود تھے۔
فہد مصطفیٰ نے گوندا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سر میں آپ کا مداح ہوں اور میں ہمیشہ یہ سوچتا تھا کہ جب بھی اداکاری کرنی ہے آپ کے جیسی ہی کرنی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے آج اسی اسٹیج پر کھڑے ہو کر بہت خوشی ہو رہی ہے جہاں گووندا کھڑے تھے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے یہاں ہمایوں سعید بھی موجود ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ میں ان کا بھی مداح ہوں۔
فہد مصطفیٰ نے اس موقع پر اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہم جس طرح آج اکٹھے ہوئے ہیں مستقبل میں بھی ہوں اور بھارت میں بھی ہماری فلمیں ریلیز ہوں۔