لاہور (لیڈی رپورٹر)عید الاضحٰی قریب آگئی مگر شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور آئل کی قلت کا بحران ختم نہ ہوسکا،صبح سویرے یوٹیلٹی سٹور کھلنے سے پہلے ہی خواتین کی طویل قطاریں لگنا معمول بن گیا، گھنٹوں انتظار کی سولی پر لٹکنے کے باوجود بھی باری آنے پر گھی اور آئل نہیں ملتا۔یوٹیلٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کے حصول کیلئے متوسط اور غریب طبقے کی خواتین کی بدترین تذلیل کا سلسلہ برقرار ہے،مختلف بیماریوں میں مبتلا ضعیف خواتین بھی گھی اور آئل کی تلاش میں خوار ہونے لگیں۔ مرد صارفین نے کہا کہ کسی بھی حکومت میں ایسی تذلیل نہیں ہوئی جتنی اب ہورہی ہے۔شہریوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ کم ازکم عید الاضحٰی پر ہی گھی آئل کی سپلائی کو طلب کے مطابق کیا جائے۔