وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بیرونی سازش کا نام لے کر اندرونی سازش کی،سابق خاتون اول کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان نے کہا کہ لیک آڈیو میں عمران خان کی اہلیہ سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی ہدایت دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ نے علیم خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کو غدار کہنے کی مہم چلوائی، عمران خان نے اپنی حکومت جاتی دیکھ کر سازش کا بیانیہ گھڑا اور حکومت جانے کے بعد اداروں کے خلاف سازش شروع کردی۔
لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ جس دن عمران خان کے خلاف کوئی نیا اسکینڈل سامنے آتا ہے وہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ گھریلو خاتون ہیں ان سے متعلق بات نہ کی جائے، مریم نواز یا فریال تالپور سے بشری بی بی کا موازنہ کیا جاتا تو یہ لوگ ناراض ہو جاتے۔
بشریٰ بی بی کی آڈیو ٹیپ سنیں تو پتہ چلتا ہے کہ وہ کس حد تک گھریلو خاتون ہیں، بشریٰ بی بی سیاسی نہیں ہیں، اگر سیاسی ہوتیں تو کیا ایٹم بم مار دیتیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان واحد آدمی ہیں جو صرف خود کو صحیح کہتے ہیں، عمران خان کی نظر میں ان کے علاوہ سب برے ہیں، پوری کوشش ہے کہ آئین و قانون میں رہ کر کام کریں۔
ملک محمد احمد خان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کھاتے میں آئین کی کئی خلاف ورزیاں ہیں، دنیا بھر میں سفارتکار ایک دوسرے کےساتھ بات چیت کرتے رہتے ہیں، آپ نے بیرونی سازش کا نام لے کر اندرونی سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ سازش کا ڈھنڈورا پیٹتے رہے، مجھے تو لگتا ہے انہیں سازش کے لغوی معنی کا بھی پتہ نہیں، میرےنزدیک ان کا نام توشہ خان زیادہ بہتر ہے۔
ملک محمد احمد خاننے کہا کہ مسٹر توشہ خان آپ کیخلاف الزامات کی فہرست بہت لمبی ہے، عمران خان آپ خود کو اور اپنے رشتےداروں کو توشہ خانے سے نوازتے رہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پرویزالہیٰ نے نمبر پورے نہ ہونے پر تاخیری حربے آزمائے، 20 نشستوں میں سے ضمنی الیکشن میں 18یا 19 پر کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی اینٹی کرپشن نے ایک مقدمہ درج کیا، جس میں دو گرفتاریاں ہوئی ہیں، رانا یوسف اورمقصود احمد کوگرفتار کیا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فیصل آباداسپیشل اکنامک زون میں فرح گوگی نے10ایکڑ کا انڈسٹریل پلاٹ 8 کروڑ 30 لاکھ میں الاٹ کرایا، مقدمےمیں فرح گوگی، ان کی والدہ بھی نامزد ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے خلاف بہت کیسز ہیں، جس دن فرح گوگی آ گئی، بشریٰ بی بی بھی گرفتار ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا عمران خان کو گرفتار کرنے کا پلان نہیں ہے، اگر خان صاحب کو گرفتار کرنا ہو تو منشیات کے استعمال پر گرفتار کرسکتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کس کو نہیں معلوم عمران خان چرس پیتے رہے، کوکین بنی گالہ میں کیسے پہنچی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اسلحہ سے پاک الیکشن کرائیں گے، مہنگائی سے ریلیف کے لئے جلد وزیر اعلیٰ اعلانات کریں گے۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ بشری بی بی اور کپتان لوٹ کر کھا گئے، احسن جمیل گجر نے جعلی بینک گارنٹی سے پلاٹ نام کرایا، مقدمہ میں فرح گوگی، ان کی والدہ بشریٰ ،احسن جمیل گجر کے نام شامل ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بنی گالہ میں بیٹھ کر ڈیل کرتی تھیں، ہیرے تھیلیوں میں ڈال کر باہر بلیک مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے تھے، غداری کے سرٹیفکیٹ باٹنے والی بشریٰ بی بی ماسٹر مائنڈ ہے، فرنٹ مینوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام گھپلوں کو سامنے لائیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم فرح گوگی کےریڈ وارنٹ جاری کرنے والے ہیں، خان صاحب، آپ نےآخری حد کراس کر دی ہے،اب آپ کے ساتھ لحاظ نہیں ہوگا۔