اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف وزارت داخلہ کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت آج ہو گی۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان پر وزارت داخلہ نے چیئر مین پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 5رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 13 اکتوبر کو عمران خان کے احتجاج اور لانگ مارچ روکنے کیلئے وزارت داخلہ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کررہے ہیں، اور وہ سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پرامن احتجاج کی اجازت دے تھی اور عمران خان ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کر رہے ہیں،وزارت داخلہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ عمران خان کے احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔