حال ہی میں نکاح کرنے والی خوبرو اداکارہ عریشہ رضی سے متعلق یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اُنہوں نے اپنے نکاح کے ایونٹ کے فوٹوگرافر کو رقم کی ادائیگی نہیں کی تھی۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں عریشہ رضی سے ایک صارف نے سوال کیا کہ اسٹوڈیو 86 کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آپ نے اُنہیں پیسے نہیں دیے اور مفت میں اپنا ایونٹ کور کروایا، کیا یہ سچ ہے؟
عریشہ رضی نے صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بات پر باہمی اتفاق کیا گیا کہ جب ہم اس خوشی کے لمحے کا اعلان عوام کے سامنے کریں گے تو آپ ہماری اجازت کے بعد ہم سے منظور شدہ منتخب تصاویر اپ لوڈ کر سکتے ہیں، ہماری رضامندی سے پہلے کی تمام ویڈیوز/تصاویر عوام میں اپ لوڈ نہیں کی جا سکتیں یا ہماری اجازت کے بغیر تقریب کا انکشاف نہیں کیا جا سکتا۔
اداکارہ نے کہا کہ ہماری طرف سے ایسی کوئی شرائط اور پالیسیوں پر دستخط نہیں کیے گئے ہیں کہ وہ ہماری رضامندی یا اجازت کے بغیر کچھ بھی اپ لوڈ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ ہم نے ایونٹ کے لیے ادائیگی نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ اسٹوڈیو 86 نامی انسٹا گرام اکاؤنٹ کی جانب سے عریشہ رضی کے نکاح کی ویڈیو شیئر کی گئی جنہوں نے اُن کے نکاح کا ایونٹ کور کیا تھا۔
عریشہ رضی کے نکاح کی ویڈیو اُن کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھیں، اداکارہ اسٹوڈیو 86 کی اس حرکت پر شدید غصہ ہوئیں۔