پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے لائیو کال سیشن رکھ کر ایک بار پھر مداحوں کے دل جیت لیے۔
عاطف اسلم کو چاہنے والوں کی بڑی تعداد ہے ، جو سوشل میڈیا پر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر ’’عادیز ‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
تمام تر مصروفیات کے باوجود عاطف اسلم وقتاً فوقتاً اپنے مداحوں سے بات چیت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے یوٹیوب پر لائیو آکر اپنے مداحوں کے ساتھ بات چیت کا سیشن رکھا تھا۔
اب ایک بار پھر انہوں نے مداحوں سے بات چیت کا سیشن رکھا جس میں بذریعہ کال مداحوں سے بات کی اور ان کی خواہشات کے مطابق ان کے پسندیدہ گیت گنگنائے۔
گزشتہ روز گلوکار سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لائیو کال سیشن کے باعث ٹاپ ٹرینڈ پر رہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ان کی ٹیم نے لائیو سیشن میں کال کرنے کے لیے ایک واٹس ایپ نمبر جاری کیا تھا جس کے بعد سے ہی ان کے مداح گلوکار سے بات کرنے کے لیے پُرجوش دکھائی دیئے۔
تاہم چند خوش نصیبوں کو ان سے بات کرنے کا موقع مل گیا لیکن ان کے مداحوں کی بڑی تعداد اور محدود اوقات کی وجہ سے کئی مداحوں کو ان سے بات کرنے کا موقع نہیں ملا۔ اس کے باوجود ان کے چاہنے والوں میں کمی نہ آئی۔